واٹس ایپ کا جعلی ورژن مارکیٹ میں آگیا ، ایپ سربراہ نے صارفین کو خبردار کردیا

اسلام آباد (پی این آئی)واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو خبردار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھ کارٹ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا اور صارفین کو ایپلی کیشن کے جعلی ورژن ڈاؤن لوڈ کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ورژن ڈاؤن لوڈ کرنے سے صارفین کو سکیورٹی مسائل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کی سکیورٹی ٹیم کو گوگل پلے اسٹور میں واٹس ایپ کا ایک جعلی ورژن دکھائی دیا ہے جو صارفین کو نئے فیچرز پیش کر رہا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری سکیورٹی ٹیم نے ایپس کے اندر چھپا ہوا میلویئر (سافٹ ویئر) دریافت کیا ہے جس میں ’Hey WhatsApp‘ اور دیگر شامل ہیں جسے ’HeyMods‘ نامی ایک ڈویلپر نے گوگل پلے اسٹور کے باہر پیش کیا تھا۔ول کیتھ کارٹ نے صارفین کو تنبیہ کی کہ اس طرح کے جعلی ورژن لوگوں کے فون میں ذاتی معلومات چوری کرنے کی اسکیم تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ کمپنی آئندہ ہونے والے نقصان کو روکنے کے لیے HeyMods کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔صارفین کے ڈیٹا کو لاحق سکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر سربراہ واٹس ایپ نے زور دیا ہے کہ صارفین ایپ اسٹور سے قابلِ اعتماد واٹس ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close