سیلفی کے دلدادہ افراد کیلئےنیا فیچر متعارف

کیلی فورنیا(پی این آئی)اسنیپ چیٹ نے سیلفی کے دلدادہ افراد کیلئے ایک چھوٹا سا ڈرون کیمرہ ’پکسی پاکٹ ڈرون‘متعارف کروادیا ہے۔اس ڈرون کیمرہ کو اسنیپ نامی کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے جو اس سے قبل تصویر لیینے والے عینک اور کیمرے بناتی رہی ہے۔ ’پکسی‘ کے نام سے لانچ کیے گئے خوش نما پیلے رنگ کے ڈرون کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس جدید ڈرون کی مدد سے صارفین کسی سیلفی اسٹک کے بنا بہترین تصاویر اور ویڈیو کی عکس بند کرسکیں گے۔

ڈرون پکسی کا وزن صرف 101 گرام ہے اور 16 جی بی کی اسٹوریج بھی موجود ہے جو 1000 تصاویر اور 100 منٹ کی ویڈیو محفوظ رکھ سکتی ہے۔ ڈرون کیمرے میں وائی فائی اور دیگر آپشن بھی موجود ہیں۔اس کا فرنٹ کیمرہ 12 میگاپکسل کی ویڈیو 30 فریم فی سیکنڈ کے لحاظ سے بناسکتا ہے، جبکہ دوسرا کیمرہ ڈرون کی رہنمائی کے لیے بنایا گیا ہے جو دورانِ پرواز اسے راہ دکھاتا ہے۔ اس لیے کیمرے کو کنٹرول کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہ خود پرواز کرتا ہے اور خود ہی بحفاظت اتر جاتا ہے۔

اس چھوٹے سے ڈرون نما کیمرہ کی بیٹری ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد 6 سے 8 مرتبہ پرواز کے لیے کارآمد رہتی ہے۔ بنیادی طور پر یہ اسنیپ چیٹ کے لیے بنایا گیا ہے اور ازخود اسنیپ چیٹ تک وائرلیس انداز میں تصاویر اور ویڈیو بھیجتا رہتا ہے، تاہم بعد میں آپ فوٹو ایڈیٹنگ کرسکتے ہیں۔اسنیپ چیٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پِکسی خود مختار طریقے سے اڑتے ہوئے ویڈیوز اور تصاویر کو براہ راست آپریٹر کے موبائل پر موجود ایپلی کیشن پر منتقل کردیتا ہے۔ جب کہ پرواز مکمل کرنے کے بعد یہ سیلفی ڈرون آپ کے ہاتھ پر لینڈ بھی کرتا ہے۔

پکسی ڈرون کو مکمل طور پر واٹر پروف بنایا گیا ہے اور اس کی قیمت 229 ڈالر رکھی گئی ہے۔پکسی کو ابتدائی طور پر فرانس اور امریکا کے استعمال کنندگان کے لیے جاری کیا گیا ہے جب کہ برطانیہ میں اسے متعارف نہیں کرایا گیا ہے، کیونکہ ڈرون کے حوالے سے برطانیہ میں ڈرون اڑانے کے قوانین زیادہ سخت ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close