نیویارک(پی این آئی)گوگل کروم براؤزر کے صارفین کے لیے گوگل کی طرف سے ایک وارننگ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ صارفین گوگل کروم براؤزر کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کر لیں کیونکہ پرانے ورژن میں ایک ایسی خامی ہے کہ اس کے ذریعے ہیکرز صارفین کا نجی ڈیٹا چوری کر سکتے ہیں۔ گوگل کی طرف سے اس نئی اپ ڈیٹ کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے اور گوگل کروم کے دو ارب صارفین کو فوری طور پر اپنا براؤزر اپ ڈیٹ کرنے کی تلقین کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ گوگل کروم کے پرانے ورژن میں موجود خامی کے ذریعے ہیکرز نہ صرف گوگل کروم کی ہسٹری اور دیگر ڈیٹا چوری کر سکتے ہیں بلکہ صارفین کی پوری ڈیوائسز کا کنٹرول حاصل کرکے اس میں موجود ان کا ڈیٹا بھی نکال سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گوگل کروم براؤزر میں یہ 16ویں بار ایسی خامی آئی ہے جس سے ونڈوز، میک، لینکس اور دیگر تمام پلیٹ فارمز کے صارفین یکساں متاثر ہو سکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اس خامی کو گوگل کی طرف سے انتہائی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔گوگل کی طرف سے گوگل کروم براؤزر کا نیا ورژن 96.0.4664.110 جاری کیا گیا ہے، جن صارفین کا براؤزر اس سے پچھلے ورژن پر ہے انہیں فوری طور پر اپنا گوگل کروم براؤزر اپ ڈیٹ کر لینا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں