فائیو جی ٹیکنالوجی پروازوں کیلئے خطرہ قرار دیدی گئی، وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد (پی این آئی) فائیو جی ٹیکنالوجی کو پروازوں کے لیے خطرہ قرار دے دیا گیا جبکہ اس حوالے سے ایفالپا نے فائیو جی ٹیکنالوجی کے حوالے سے خدشات کا اظہار بھی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کپتانوں کی عالمی تنظیم (ایفالپا) نے جہازوں کی سیفٹی پر وارننگ جاری کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کپتانوں کی عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ فائیو جی کے سگنلز جہاز کے ریڈار سسٹم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

فائیو جی سگنلز جہاز کے ریڈار سگنلز کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ متاثر کرتے ہیں جس کی وجہ سے پائلٹس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ایفالپا کے مطابق ریڈار سگنلز متاثر ہونے سے جہاز آٹو ٹیک آف اور لینڈنگ میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ جہاز دھند اور اسموگ میں آئی ایل ایس کیٹگری 3 کی نشاندہی بھی نہیں کر پاتا۔کپتانوں کی عالمی تنظیم نے یہ وارننگ امریکہ اور کینیڈا سمیت پوری دنیا کے ممالک کو جاری کر دی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا کہ جہاز کی اونچائی غلط بتانے سے 2009ء میں ترکش ائیر لائن کا طیارہ ایمسٹراڈیم میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ایفالپا نے امریکی فضائی حدود میں فائیو جی ٹیکنا لوجی والے ائیرپورٹس پر احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی۔ مزید برآں کپتانوں کی عالمی تنظیم نے متعلقہ انتظامیہ کو یہ بھی ہد ایت کی کہ فائیو جی ٹیکنالوجی میں انسٹرامنٹ لینڈنگ سسٹم اور آٹو پائلٹ کے استعمال سے گریز کریں۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں پاکستان میں فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ پاکستان نے فائیو جی ٹیکنالوجی کی آزمائش کے دوران 1.685گیگا بائٹس فی سیکنڈ ڈاؤن لوڈ کی رفتار کے ساتھ اپنے تیز ترین انٹرنیٹ ڈیٹا کی شرح حاصل کرنے کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close