نیویارک(پی این آئی) آئندہ ماہ واٹس ایپ دنیا بھر میں لاکھوں سمارٹ فونز پر کام کرنا چھوڑ دے گا کیونکہ واٹس ایپ آپریٹنگ سسٹمز کے پرانے ورژنز کے لیے سپورٹ ختم کرنے جا رہا ہے۔ دی سن کے مطابق واٹس ایپ کی طرف سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کم از کم حد اینڈرائیڈ 4.0.4تک رکھی گئی ہے۔ جس صارف کا فون اس سے پرانے ورژنز کا حامل ہو گا اس پر واٹس ایپ بند ہو جائے گا۔
اسی طرح واٹس ایپ صارفین کے لیے آئی او ایس نائن یا اس سے جدید ورژنز لازمی ہوں گے۔ جن آئی فون صارفین کے پاس آئی او ایس 9سے پرانے ورژنز کے چل رہے ہوں گے، ان کے آئی فونز میں واٹس ایپ بلاک ہو جائے گا۔ آئی فون 6ایس، آئی فون 6ایس پلس اور آئی فون ایس ای ان فونز کی فہرست میں شامل ہیں جن پر واٹس ایپ بند ہونے جا رہا ہے کیونکہ ان میں آئی او ایس 9سے پرانا آپریٹنگ سسٹم چل رہا ہے۔ بہرحال آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کے پاس اس صعوبت سے بچنے کا ایک راستہ ہے، اور وہ یہ کہ اپنے موبائل فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کر لیں۔ مذکورہ آئی فون ماڈلز میں سے ایسے صارفین کے آئی فونز پر واٹس ایپ بند ہو گا جنہوں نے اپنا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ نہیں کیا۔ ان آئی فون صارفین کے لیے جدید آئی او ایس ورژن کی اپ ڈیٹ میسر ہے لہٰذا انہیں پہلی فرصت میں اپنے فون کو اپ ڈیٹ کر لینا چاہیے۔ آئی فون 5تک کے ماڈلز کو اپ ڈیٹ کیا جا سکتاہے۔ اینڈرائیڈ میں بھی بعض ماڈلز اپ گریڈ کیے جا سکتے ہیں تاہم آئی فون اور اینڈرائیڈ کے زیادہ پرانے ماڈلز کو اپ ڈیٹ نہیں کیا جا سکے گا اور ان صارفین کے پاس نیا فون خریدنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں