سوشل میڈیا ایپس کیوں بند رہیں؟اصل وجہ منظر عام پر آگئی

لندن(پی این آئی)مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دنیا بھر میں ان کی سروسز کی بندش نے اس کے بہت سے اندرونی ٹولز اور سسٹمز کو بھی متاثر کیا جو وہ اپنے روزمرہ کے کاموں میں استعمال کرتا ہے جس کی وجہ سے اس مسئلے کی فوری تشخیص اور حل کرنے کا عمل مزید پیچیدہ ہوگیا تھا۔گزشتہ روز فیس بک اور اس کی ذیلی ایپلی کیشنز واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز دنیا بھر میں کئی گھنٹے بند رہی تھیں۔اپنے ایک بیان

میں فیس بک نے بتایا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے ڈیٹا سینٹرز کے درمیان نیٹ ورک ٹریفک کو بحال رکھنے والے بیک بون راؤٹرز میں کی جانے والی تبدیلیوں کی وجہ سے اس مسئلےنے جنم لیا۔فیس بک کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک ٹریفک میں اس رکاوٹ نے اس کے ڈیٹا سینٹرز کے رابطے کے طریقے کار کو متاثر کیا جس سے ان کی سروسز بند ہو گئیں۔سوشل میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ اب اس کی سروسز واپس آن لائن ہو چکی ہیں اور انہیں باقاعدہ آپریشنز میں مکمل طور پر واپس لانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔فیس بک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس بندش کی بنیادی وجہ ناقص کنفگریشن ہی تھی،مزید برآں اس بات کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس بندش کے دوران صارفین کا ڈیٹا لیک ہوا۔فیس بک نے اس بندش سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ’آج جو کچھ ہوا ہم اس کو مزید سمجھنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ ہم اپنے انفراسٹرکچر کو مزید لچکدار بنا سکیں۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close