اسلام آباد(پی این آئی)دنیا بھر میں واٹس ایپ کی سروس ڈاؤن ہونے کے باعث آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی ایپ ‘سگنل ‘ کے نئے صارفین میں اضافہ ہونے لگا۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں سگنل نے نئے صارفین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں علم ہے کہ بندش کے دوران کیسے کام کیا جاتا ہے۔
سگنل کا کہنا ہے کہ وہ بند ہونے والی سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بحالی کے لیے کام کرنے والے انجینیئرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔واضح رہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی ایپ ‘سگنل ‘ کو ایپ واٹس ایپ کا متبادل سمجھا جاتا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہوگئی ہے، جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔تینوں ایپلیکیشنز کی سروسز میں تعطل کو ڈیڑھ گھنٹے سے زائد ہوچکا ہے جس کے باعث صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔اس حوالے سے ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طنز و مزاح کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ساتھ ہی تنقید بھی کی جارہی ہے۔دوسری جانب واٹس ایپ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں علم ہے کہ ’بعض‘ لوگوں کو واٹس ایپ کے استعمال میں مسئلہ درپیش ہے، ہم چیزوں کو معمول پر لانے کیلئے کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں