تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت، یوفون نے صارفین کو خوشخبری سنا دی

کراچی (پی این آئی)پاکستانی ٹیلی کام کمپنی ، یوفون نے حالیہ سپیکٹرم نیلامی میں ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کی فراہمی کے لئے فور جی سپیکٹرم لائسنس حاصل کرلیا ہے،کمپنی نے یہ سپیکٹرم ملک بھر میں اپنے صارفین کے لیے ٹیلی کام سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے حاصل کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) ہیڈ کوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام،سیدامین الحق،وفاقی سیکرٹری ، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام، ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت اورچیئر مین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ ،ہلال امتیاز (ملٹری) کے علاوہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام ، پی ٹی اے اور پی ٹی سی ایل گروپ کے اعلیٰ عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر لائسنسنگ، پی ٹی اے، بریگیڈئر (ر) عامر شہزاد اور صدر و گروپ سی ای او ، پی ٹی سی ایل و یوفون ، حاتم بامطرف نے معاہدے پر دستخط کیے۔یوفون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سپیکٹرم کی مدد سے کمپنی جدید ڈیجیٹل خدمات اور سہولیات متعارف کرائے گی نیزمعیار ی اور تیز رفتارانٹرنیٹ کے ذریعے اپنے صارفین کےلیےٹیلی کام سہولیات کو مزید بہتر بنائے گی،اس کےعلاوہ اپنےموجود نیٹ ورک کو ملک کے دورافتادہ خطوں تک وسعت دے کر موبائل فون اور انٹرنیٹ سے محروم لوگوں تک ان سہولیات کی رسائی یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر اظہار ِ خیال کرتے ہوئے صدر و گروپ سی ای او، پی ٹی سی ایل و یوفون ،حاتم بامطرف نے کہاآج کا دن یوفون کے لیے تاریخی ہے کیونکہ ہم نے اپنی موبائل ڈیٹا سہولیات کو بہترین خطوط پر استوار کرنے کے لیے اضافی 4G سپیکٹرم حاصل کرلیا ہے، ہم اس کی مدد سے اپنے صارفین کے لیے ٹیلی کام سہولیات کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام سہولیات سے محروم علاقوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ کے ذریعے ملک کے دیگرعلاقوں سے جوڑ سکیں گے، ہماری جدید و تیز رفتارڈیٹا سروس سے ملک بھر میں تعلیم، صحت، زراعت، بینکاری اور ای۔کامرس سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں انقلابی تبدیلیاں پیدا ہونگیں۔انھوں نے کہاکہ ہم سپیکٹرم کی نیلامی کے عمل کو شفاف اور باسہولت انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں،اضافی سپیکٹرم کے حصول سے یوفون نہ صرف پاکستان کے دورافتادہ اور ٹیلی کام سہولیات سے محروم خطوں کو انٹرنیٹ فراہم کرسکے گا بلکہ شہری صارفین بھی کمپنی کی جدیدترین ڈیجیٹل مصنوعات اور تیزرفتار انٹرنیٹ کی بے مثال سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close