سرکاری ملازمین کیلئے واٹس ایپ کے متبادل ایپلی کیشن تیار کر لی گئی، کب لانچ ہونے جارہی ہے؟

اسلام آباد (پی این آئی) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سرکاری ملازمین کے لیے واٹس ایپ کی متبادل بیپ ایپلیکیشن تیار کر لی۔ ایپلی کیشن سے متعلق وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے بتایا کہ پاکستان میں اگلے چند ہفتوں کے بعد ہم بیپ ایپلی کیشن لانچ کرنے جارہے ہیں۔ یہ ایپ تمام سرکاری ملازمین کے لیے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایپ کی دیکھ بھال این ٹی سی کریں گی، اس لیے یہ محفوظ ہو گی، یہ ایپ بن چکی ہے ٹرائل پر ہے، چند ہفتوں میں لانچ کر دی جائے گی۔سید امین الحق کے مطابق پہلے مرحلے میں اس ایپ میں صرف ٹیکسٹ میسج کی سہولت ہو گی۔ دوسرے مرحلے میں وائس اور ویڈیو کال کی سہولت بھی موجود ہو گی۔ اس ایپلی کیشن کو ابتدائی سٹیج میں صرف وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے لانچ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں اسرائیلی ہیکنگ سافٹ وئیر عمران خان کے خلاف بھی استعمال ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بھارت ان ممالک میں شامل ہے جو اسرائیل کی کمپنی کے جاسوسی کے سافٹ ویئر کا استعمال کررہا تھا، جس کے ذریعے دنیا بھر میں صحافیوں، حکومتی عہدیداروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے اسمارٹ فونز کی کامیاب نگرانی کی جاتی رہی۔ جس کے بعد وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں ہیکنگ اور ڈیٹا لیکیج سے محفوظ ایپلی کیشن کی تیاری پر اہم پیش رفت ہوئی تھی۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ وزارت انفارمیشن سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے ایپ تیارکرنے کے قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری ایپ کا نام ”بیپ” ہوگا جس میں ٹیکسٹ اور آڈیو کال ہو سکے گی۔ امین الحق نے کہا کہ ڈیٹا محفوظ تر بنانے کے لیے جدید ترین بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close