نیو یارک (پی این آئی) کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ونڈوز تیار کرنے والی کمپنی مائیکرو سافٹ نے نئی ونڈوز متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔ نئی ونڈوز کا نام ممکنہ طور پر ونڈوز 11 ہوسکتا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 14 اکتوبر 2025 کو ونڈوز 10 کیلئے سپورٹ ختم کردے گی۔ مائیکرو سافٹ نے اپنی ویب سائٹ پر ونڈوز 10 ہوم اور پرو کیلئے اینڈ آف لائف (ای او ایل) کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ 14 اکتوبر 2025 کے بعد سے ونڈوز 10 کیلئے سپورٹ، اپ ڈیٹس اور سیکیورٹی کا سلسلہ ختم کردیا جائے گا۔جب ایک کمپنی کسی آپریٹنگ سسٹم کیلئے اینڈ آف لائف (ای او ایل) کا اعلان کرتی ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد وہ آپریٹنگ سسٹم مردہ ہوجائے گا۔ اس اعلان کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ صارفین کو نئے آپریٹنگ سسٹم کی طرف منتقل کیا جاسکے۔مائیکرو سافٹ کی جانب سے تاحال باضابطہ طور پر یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ نئے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کو کس نام سے پکارا جائے گا تاہم کمپنی نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ یہ ونڈوز 11 ہوسکتی ہے۔ مائیکرو سافٹ کی جانب سے 24 جون کو ایک تقریب میں نیا آپریٹنگ سسٹم لانچ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں