انقرہ(آئی این پی)ترکی نے نئے سوشل میڈیا قانون کی عدم تعمیل پر فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب اور انسٹاگرام سمیت متعدد سوشل میڈیا کمپنیوں پر 12، 12 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔واضح رہے کہ ترکی میں گزشتہ ماہ سے نافذ ہونے والے نئے قانون کے تحت یومیہ 10 لاکھ سے زیادہ صارفین کے حامل سوشل میڈیا کمپنی
کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ اپنا ایک نمائندہ مقرر کریں جو ترک عدالتوں میں کمپنی کی جانب سے جوابدہ ہوں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قانون کے تحت سوشل میڈیا کمپنی کا نمائندہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر ‘متنازع’ مواد کو ہٹانے اور ترکی کے اندر صارف کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے سے متعلق احکامات کی پاسداری کو یقینی بنانے کا پابند ہوگا۔ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت مرکزی دھارے کے ذرائع ابلاغ پر اپنی گرفت سخت کرنے کے بعد آن لائن پلیٹ فارمز کا سہارا لے کر اختلاف رائے کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ترکی کے نائب ٹرانسپورٹ اور انفرااسٹرکچر وزیر اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز اتھارٹی کے چیئرمین عمر فاتح نے ٹوئٹر پر بتایا کہ فیس بک، انسٹاگرام، ٹوئٹر، پیرسکوپ، یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترکی میں کام کرنے والی غیر ملکی سوشل میڈیا کمپنیوں کو قواعد کے بارے میں بتایا گیا ہے جن کی تعمیل ضروری ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں