کورونا کے مریضوں کی فوری طور پر تشخیص ممکن، نئی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی گئی

ابوظبی(پی این آئی) امارات میں ایسا لیزر ٹیکنالوجی ٹیسٹ تیار کیا گیا ہے جس کی مدد سے کورونا کے مریضوں کی فوری طور پر تشخیص ہو سکے گی اور اس کا نتیجہ بھی ٹھیک آتا ہے۔ پہلے والے ٹیسٹوں میں صرف 30 فیصد کے نتائج ٹھیک آ رہے تھے، تاہم اب اس لیزر ٹیکنالوجی کی بدولت کورونا مریضوں کی

صحیح تشخیص ہو سکے گی۔گلف نیوز کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو تیار کرنے والے کوانٹ لیز امیجنگ لیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابھی یہ ٹیکنالوجی مارکیٹ میں فروخت کے لیے نہیں لائی گئی، تاہم جلد ہی اسے مارکیٹ میں متعارف کرا دیا جائے گا۔ایک شخص کے ریپڈکورونا ٹیسٹ پر 100درہم کی لاگت آئے گی۔ فی الحال 6 ہزار افرادکے خون کے نمونے لے کر اس پر لیزر ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا گیا ہے، جو بہت کامیاب ثابت ہوا ہے۔85 فیصد سے 90 فیصد ٹیسٹوں کے رزلٹ درست آئے ہیں۔ صرف چار فیصد ٹیسٹوں میں کورونا کی غلط تشخیص سامنے آئی ہے۔ اس تریپڈ ٹیسٹ ٹیکنالوجی کو العین 019 کا نام دیا گیا ہے جس کی مدد سے مریضوں میں ابتدائی مرحلے میں ہی کورونا کی تشخیص کر کے انہیں دیگر افراد میں کورونامنتقل کرنے سے روکا جاسکتا ہے۔اس ٹیسٹ میں چند سیکنڈز میں ہی کورونا کے مشتبہ مریض کے خون کے نمونے سے مرض کے ہونے یا نہ ہونے کی تشخیص ہو جاتی ہے۔کوانٹ لیزلیب کا شمار ابوظبی کی مشہور اور مستند لیبز میں ہوتا ہے۔ کورونا کی تشخیص کی اس نئی ٹیکنالوجی کا انکشاف 19 مئی کو لیبارٹری کی جانب سے کامیاب تجربوں کے بعد کیا گیا تھا۔ لیبارٹری کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر اب اس لیزر کٹ کی تیاری شروع کر دی گئی تو اگلے چند مہینوں میں لاکھوں افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔لیب کو چلانے والے ادارے انٹرنیشنل ہولڈنگ گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹر ابراہم نے کہا کہ امارات میں اس کی تیاری کے لیے ایک مینوفیکچرنگ ادارے سے بات کر لی گئی ہے، ہم اس کامیاب ٹیکنالوجی کو دُنیا بھر میں بھی پھیلانا چاہتے ہیں۔ابتداء میں اس ٹیسٹ کی فی کس لاگت 100 درہم ہو گی، تاہم بعد میں اس کی قیمت میں پچاس فیصد تک کمی ہونے کا امکان ہے۔ فی الحال اس ٹیسٹنگ کٹ کی منظوری کے لیے متعلقہ اماراتی اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے،اس حوالے سے جلد اچھی خبر سامنے آ جائے گی۔ کیونکہ نازل سویب کے مقابلے میں اس کے نتائج فوری طور پر آ جاتے ہیں اور درست بھی ہوتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close