خالد محمود جوہری، استاد، گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی سکول جہلم، تعارف اور خدمات

خالد محمود جوہری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
دستور زمانہ کا ساتھ دیتے ہوئے گھر والوں نے بندہ نا چیز کو پہچان کے لیے خالد محمود کا نام دیا مگر کچھ

ادبی لگاوٹ نے تھوڑا سا تڑکا لگا کر خالد محمود جوہری کر دیا۔بچپن سے “لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری “کی مترنم آواز نے لا شعوری طور پر حضرت اقبال کی طرف مائل کیا اور جس کی عملی شکل میں بندہ نے ایم فل اقبالیات کر لیا ۔فکر اقبال کی تفہیم اور ترویج کے لیے کچھ پروگرام نشر ہوئے اور کچھ مضامین رسائل کی زینت بنے۔
بندہ فقیر کے بڑے بھائی قبلہ امیر سلطان صاحب جو کہ گورنمنٹ ہائی سکول موٹہ غربی میں سینئر ہیڈ ماسٹر کے طور پر اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں میرے لیے مشعل راہ ہیں اور یوں 1997 میں بطور EST گورنمنٹ لیب سکول ملحقہ ایلیمنٹری کالج جہلم میں ملازمت کا آغاز کیا ۔پیشہ وارانہ قابلیت و صلاحیت کو مزید نکھارنے کے لیے ایم ایڈ کیا ۔اس دوران کچھ عرصہ ایلیمنٹری کالج جہلم میں بی ایڈ کلاسز کو پڑھانے کا موقع ملا ۔اوپن یونیورسٹی کی طرف سے بی ایڈ کی ورکشاپ، ایم ایڈ کا ریسورس پرسن ،ٹیوٹر کام کرنے کا موقع ملا ۔
2014 میں گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی سکول جہلم میں تبادلہ ہوا ۔دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ ادبی ذمہ داری بھی سونپی گئی ۔سکول کے طلباء ادبی مقابلہ جات کے مختلف پروگراموں میں صوبائی سطح تک نمائندگی کر

چکے ہیں ۔
کتاب سے دوستی شروع سے ہی رہی ہے ۔وقت کے ساتھ ساتھ پروان چڑھتی رہی ہے ۔ کچھ شعری ذوق بھی خدا نے ودیعت کیا ہے۔خامہ فرسائی کی ۔مگر اب اس ذوق اور شوق کو ثنائے کریمین(حمد و نعت ) کے لیے مختص کر دیا ہے ۔ حمد باری تعالی و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم مختلف رسائل کی زینت بنتی رہتی ہیں ۔ حسن ازل اور حسن ازل کے مظہر بے مثل حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعریف و توصیف کرنے کا الگ ہی مزہ ،لطف اور سکون ہے ۔دعا کریں کہ بندہ فقیر کا کوئی ایک لفظ،کوئی ایک جملہ بارگاہ کریمین میں شرف قبولیت حاصل کرے اور نجات کا ذریعہ بنے آمین ۔
دعاوں کا طالب
خالد جوہری
رہتاس روڈ مرزا آباد جہلم

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close