بابراعظم کی مسلسل ناکامی کی سب سے بڑی وجہ کیا ہے؟ وسیم اکرم نے بتا دیا

کنبرا(پی این آئی) ٹی 20ورلڈ کپ میں زمباوے کے خلاف ایک رن سے شکست کھانے کے بعد نہ صرف پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کی جا رہی ہے بلکہ بابر اعظم کی کپتانی پر بھی سوال اٹھنے لگے ہیں۔ بابر اعظم کے متعلق بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے اس کی ناکامی کی ایک دلچسپ وجہ بتا دی ہے۔ سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ”بابر اعظم کی ناکامی کی ایک ہی وجہ ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی صورت ’ون ڈاؤن‘ نہیں کھیلنا چاہتے۔“

وسیم اکرم، جو پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ بھی ہیں، نے بتایا ہے کہ ”رواں سیزن میں کراچی کنگز کی کارکردگی بھی اسی لیے ناقص رہی، کیونکہ بابر اعظم نے ون ڈاؤن کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔“وقار یونس، شعیب ملک اور مصباح الحق کے ہمراہ پاکستانی اوپنرز کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ”میں کراچی کنگز کے ذریعے بابر اعظم کے اس روئیے کو دیکھ چکا ہوں۔ میں نے بابر اعظم کو ہدایت کی تھی کہ وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرے اور مارٹن گپٹل اور شرجیل خان کو اوپننگ کرنے دے لیکن بابر اعظم نے کہا کہ میں نیچے نہیں کھیلوں گا۔“وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ”یہ سب چیزیں ٹاپ سے شروع ہوتی ہیں اور ٹاپ پر آپ کا کپتان ہے۔ آیاآپ کا کپتان صرف اپنے لیے کھیلتا ہے اور عدم تحفظ کا شکار ہے؟ اگر آپ کا کپتان رنز کرتا ہے اور دوسرے بلے بازوں کو اپنی پوزیشن پر کھیلنے کی اجازت دیتا ہے، تب آپ کو پتا چلتا ہے کہ ہاں آپ کا کپتان آپ کے لیے اپنی قربانی دینے کو تیار ہے۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں