انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ میں شیڈول ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اس بار مجموعی انعامی رقم 79 لاکھ ڈالرز سے بڑھا کر 87 لاکھ 64 ہزار 615 ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔
نئے اعلان کے مطابق، ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 23 لاکھ 40 ہزار ڈالرز کا بھاری انعام ملے گا، جبکہ فائنل ہارنے والی (رنر اپ) ٹیم 11 لاکھ 70 ہزار ڈالرز کی حقدار ٹھہرے گی۔ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ناکام ٹیموں کو بھی فی کس 6 لاکھ 75 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے گروپ اسٹیج میں ہر فتح پر ٹیم کو 31 ہزار 154 ڈالرز ملیں گے، جبکہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کے لیے 2 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کی رقم یقینی بنائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا میلہ 12 جون سے انگلینڈ میں سجے گا، جہاں دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






