صوبائی وزیر کھیل و توانائی پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ نسیم شاہ کو 2 کروڑ روپے جرمانہ بہت کم سزا دی گئی ہے، اور اگر انہوں نے اپنی زبان پر قابو نہ رکھا تو انہیں ٹیم سے باہر کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل ایوب کھوکھر نے قومی کرکٹر نسیم شاہ کے حالیہ بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا کھلاڑی ہونا اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ اپنی زبان پر قابو نہ رکھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر نسیم شاہ نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو انہیں ٹیم سے نکال دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ملک کے چیف ایگزیکٹو کے خلاف نامناسب گفتگو کی جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج نسیم شاہ اور ان کی بہنیں محفوظ ہیں تو یہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی بدولت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کو 2 کروڑ روپے جرمانہ بہت کم سزا ہے، جبکہ محسن نقوی نے اس معاملے میں تحمل کا مظاہرہ کیا، اور اگر وہ خود اس جگہ ہوتے تو اس سے بھی سخت سزا دیتے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پنجاب بھر میں ایک ہزار نئے گراؤنڈز بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ تحصیل اور ضلعی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت صوبائی سطح پر “پنجاب کی اپنی کرکٹ ٹیم” بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
توانائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دہانی کرائی کہ جلال پور بھٹیاں اور دیگر علاقوں میں صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے جلد وزیراعلیٰ کی جانب سے خوشخبری متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کا چاول برآمد کرنے والے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت چاول کی صنعت کی بھرپور حمایت کرے گی۔
آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی چیف ایگزیکٹو کی موجودگی صوبے اور قوم کے لیے انتہائی ضروری ہے اور حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






