متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل اپنے کوچنگ سیٹ اپ کو مزید مضبوط بناتے ہوئے سابق پاکستانی آل راؤنڈر یاسر عرفات کو ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
اس تقرری کو یو اے ای کرکٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ورلڈ کپ میں بولنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید مؤثر اور منظم بنانا ہے۔
یاسر عرفات نے پاکستان کی جانب سے 2007 اور 2012 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نمائندگی کی، جبکہ وہ محدود اوورز کرکٹ میں اپنے تجربے، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ سوچ کے لیے جانے جاتے ہیں۔
بطور کوچ ان کی پہچان اس وقت مزید مضبوط ہوئی جب وہ لافبرو یونیورسٹی سے ای سی بی لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بنے، جو ہائی پرفارمنس کوچنگ کے میدان میں ایک نمایاں سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
یاسر عرفات مختلف کرکٹ سسٹمز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیموں سسیکس اور سرے کے ساتھ کوچنگ فرائض انجام دے چکے ہیں، جبکہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز سے بھی وابستہ رہے۔
اس کے علاوہ وہ پاکستان کے کرکٹ ڈھانچے میں ہائی پرفارمنس کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، ہانگ کانگ کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں اور جنوبی افریقہ کے لیے بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔
یو اے ای کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ٹیم کے ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر یاسر عرفات کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہ صرف ورلڈ کپ مہم کے دوران ٹیم کا حصہ ہوں گے بلکہ ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی سیریز کی تیاریوں میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






