اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کے لیے ایک اور بڑا اعزاز

پاکستان کے ممتاز جیولین تھرو ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ورلڈ اسپورٹس سمٹ 2025 میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جو 29 اور 30 دسمبر کو دبئی میں منعقد ہوگا۔

گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ اسپورٹس سمٹ ایک عالمی سطح کا کھیلوں کا اجلاس ہے جس میں دنیا بھر کے معروف کھلاڑی، کھیلوں کے عہدیدار اور مختلف اسٹیک ہولڈرز شریک ہوتے ہیں۔ اس اجلاس کا مقصد کھیلوں میں شاندار کارکردگی کو سراہنا اور مستقبل میں کھیلوں کی ترقی سے متعلق تبادلہ خیال کرنا ہے۔

ارشد ندیم اس سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ ہوں گے۔ اجلاس میں شریک دیگر عالمی کھیلوں کی نامور شخصیات میں سابق یو ایف سی چیمپئن خبیب نورماگو میدوو، باکسنگ لیجنڈ مینی پیکیاؤ، ٹینس اسٹار نوواک جوکووِچ، سرینا ولیمز، ثانیہ مرزا، این ایف ایل کے معروف کھلاڑی ریجی بش اور فٹبال لیجنڈز رونالڈو اور پاؤلو مالدینی شامل ہیں۔

ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغا جیت کر تاریخ رقم کی تھی، جہاں انہوں نے 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ان کی دیگر نمایاں کامیابیوں میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل اور ایشین گیمز میں برونز میڈل شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سال 2025 میں ارشد ندیم نے 35ویں نیشنل گیمز میں بھی گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جہاں ان کی بہترین تھرو 81.81 میٹر رہی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close