ریاض میں ہونے والے اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے جیولین تھرو میں سونے کا تمغہ جیتا جبکہ یاسر سلطان نے 76.04 میٹر تھرو کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا۔
ارشد ندیم کو سونے کا تمغہ جیتنے پر 50 لاکھ روپے جبکہ یاسر سلطان کو سلور میڈل کے لیے 30 لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔ یہ انعامات پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جولائی میں ترمیم شدہ کیش پرائز ایوارڈ پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے ہیں۔
ارشد ندیم نے جیولین تھرو فائنل میں 83.05 میٹر تھرو کر کے پاکستان کے لیے سونا جیتا، جبکہ باکسنگ میں بھی پاکستان نے دو کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ 55 کلوگرام ایونٹ میں قدرت اللہ اور 60 کلوگرام ایونٹ میں فاطمہ زہرا نے کانسی کے تمغے جیتے اور انہیں 20،20 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید، سیکرٹری خالد محمود، ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن کے نائب صدر محمد اکرم ساہی اور پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین ساہی نے ایتھلیٹس کی کارکردگی کو سراہا اور اسے پورے پاکستان کی فتح قرار دیا۔
میڈلسٹ ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے جلد ایک تقریب بھی متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






