قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنا ذہن بدل لیا ہے اور وہ سیاست سے مکمل دور رہنا چاہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تقریب کے دوران شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ کچھ مخصوص لوگ سوشل میڈیا پر آپ اور ملک کے دیگر ہیروز کے خلاف منفی مہم چلاتے ہیں، حالانکہ آپ ہمیشہ اپنے ملک اور اس کے ہیروز کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر وہ ان لوگوں کی باتوں کی پرواہ کرتے تو کبھی کوئی بات نہ کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ بول کر لائکس یا ویوز حاصل کرنا ان کا مقصد نہیں اور نہ ہی یہ ان کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی اولاد کے لیے حرام کمائی نہیں لا سکتے، اسی لیے سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال نہیں کرتے۔
سابق کپتان نے بغیر کسی کا نام لیے کہا کہ کچھ لوگ رجسٹرڈ جھوٹے بن چکے ہیں اور جو پہلے دعویٰ کرتے تھے کہ کبھی پاکستان نہیں چھوڑیں گے، آج وہ ملک سے باہر جا چکے ہیں۔
سیاست میں انٹری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دعا کریں کہ وہ سیاست سے ہمیشہ دور رہیں، کیونکہ انہوں نے 2019 یا 2020 میں فیصلہ کیا کہ سیاست ان کے بس کی بات نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






