قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ان کا مختصر مگر یادگار انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہو گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی قومی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
31 سالہ عثمان شنواری نے دسمبر 2013 سے دسمبر 2019 تک قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے ایک ٹیسٹ میچ میں ایک وکٹ، 17 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 34 وکٹیں اور 16 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کے کیریئر کے چند یادگار لمحات میں سری لنکا کے خلاف دو ون ڈے میچز میں پانچ پانچ وکٹوں کی کارکردگی نمایاں ہے۔ شارجہ میں 2017 میں انہوں نے 34 رنز دے کر 5 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ کراچی میں 2019 میں 51 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی جارحانہ باؤلنگ اسٹائل اور نپی تلی لائن و لینتھ نے انہیں شائقین کرکٹ میں مقبول بنایا۔
اگرچہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تفصیلی بیان جاری نہیں کیا، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مستقبل میں کسی نہ کسی شکل میں کرکٹ سے جڑے رہیں گے۔ پی سی بی نے ان کی قومی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی پاکستانی کرکٹ کے سنہری لمحات کا حصہ ہے، اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں