وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے گرانٹ بھی منظور کر لی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سیکرٹری ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نے کہا کہ پرو لیگ ایک بڑا ایونٹ ہے جس میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، اس ایونٹ میں شرکت کے لیے 35 کروڑ روپے درکار ہیں۔
محی الدین وانی نے اجلاس کو بتایا کہ 25 کروڑ روپے وزارت خزانہ فراہم کرے گی جبکہ 10 کروڑ روپے اسپانسرز سے حاصل کیے جائیں گے۔
قومی کھلاڑی عماد بٹ نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی اجازت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ میں شرکت سے قومی ٹیم کی عالمی رینکنگ بہتر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرو ہاکی لیگ کی تیاری کے لیے وقت موجود ہے، حکومت کی جانب سے سپورٹ پر شکر گزار ہیں۔
دوسری جانب عماد بٹ نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنسز کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہوا، اور ہاکی کی ترقی کے لیے صرف حکومتی فنڈز پر انحصار نہیں کیا جا سکتا، فیڈریشن کو فنڈز کے حصول کے لیے خود بھی عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں