آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری,پاکستانیوں کھلاڑیوں کی پوزیشن کیا ؟ جانئے 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں کیشو مہاراج نے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، جس کا مثبت اثر ان کی رینکنگ پر پڑا۔

سری لنکا کے مہیش تھیکشانا پہلی پوزیشن سے دوسری پر جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو دوسری سے تیسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ بولرز کی ٹاپ ٹین فہرست میں کسی اور تبدیلی کا سامنا نہیں ہوا۔
نمیبیا کے برنارڈ شالٹز، افغانستان کے راشد خان، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر اور میٹ ہینری، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا، بھارت کے رویندرا جدیجا اور آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا اپنی اپنی پوزیشنز (چوتھی سے دسویں) برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد پندرہویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ ابرار احمد نے اٹھارہ درجے ترقی کرتے ہوئے تینتالیسویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

بلے بازوں کی فہرست میں شبمان گل، بابر اعظم اور ڈیرل مچل پہلی تین پوزیشنز پر قائم ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ دو درجے ترقی پا کر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ افغانستان کے ابراہیم زادران اور سری لنکا کے کوشال مینڈس ایک ایک درجے تنزلی کے ساتھ بالترتیب آٹھویں اور نویں پوزیشن پر ہیں۔

پاکستانی بلے باز محمد رضوان پانچ درجے نیچے آ کر ستائیسویں، اور فخرزمان ایک درجے تنزلی کے ساتھ اٹھائیسویں نمبر پر موجود ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close