گجرات کے گاؤں مہسم میں کرکٹ میچ کے دوران تنازع پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اوور نہ دینے پر جھگڑا شدت اختیار کرگیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان قتل ہوگیا۔
مہسم کرکٹ گراؤنڈ میں میچ کے دوران ملزم غلام غوث نے اوور مانگا تاہم اوور نہ ملنے پر ملزم جھگڑا کرنے لگا اور پھر گراؤنڈ سے نکل کر گھر گیا اور اسلحہ لے کر واپس آیا اور اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 23سالہ نوجوان فاخر اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا بھائی طاہر اقبال اور ماموں یاسر اقبال گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔
ملزم واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا جبکہ مقتول فاخر کے والد کی مدعیت میں تھانہ دولت نگر نے ملزم غلام غوث، یاسر مشتاق سمیت 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم غلام غوث کو گرفتار کرلیا جبکہ باقی ملزمان تاحال فرار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں