پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز کو جاری فنڈز کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے مالی سال 2024-25 کے دوران کھیلوں کی فیڈریشنز کو دی جانے والی گرانٹس کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جن کے مطابق 23 فیڈریشنز کو مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کیے گئے، جب کہ 7 فیڈریشنز کو سالانہ کے بجائے صرف اسپیشل گرانٹ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو گزشتہ مالی سال میں 3 کروڑ روپے سے زائد دیے گئے، جن میں 30,921,500 روپے اسپیشل گرانٹس کی مد میں شامل ہیں۔ ان میں سے 70 لاکھ روپے پی سی بی نے پلیئرز کی ٹکٹوں کی مد میں براہِ راست ٹریول ایجنٹ کو ادا کیے۔ نئے مالی سال میں پی ایس بی براہِ راست وینڈرز کو ادائیگی کرے گا۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن کو ایک کروڑ 41 لاکھ 75 ہزار روپے کی اسپیشل گرانٹ دی گئی، جس میں سے ایک کروڑ روپے اولمپیئن ارشد ندیم کی تربیت کے لیے مخصوص تھے۔

نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کو 20 لاکھ روپے سالانہ اور 50 لاکھ اسپیشل گرانٹ فراہم کی گئی، جب کہ والی بال، اسکواش اور ہینڈبال فیڈریشنز کو 50، 50 لاکھ روپے کی گرانٹس ملیں۔ الپائن کلب کو 41 لاکھ، پاکستان ٹینس فیڈریشن کو 32 لاکھ 50 ہزار، کبڈی اور ریسلنگ فیڈریشنز کو 30، 30 لاکھ، باڈی بلڈنگ اور ٹین پن فیڈریشن کو 50، 50 لاکھ، جب کہ ٹیبل ٹینس فیڈریشن کو 22 لاکھ 50 ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ ونٹر اسپورٹس اور جو جٹسو فیڈریشنز کو 20، 20 لاکھ، بیڈمنٹن، رگبی اور تائیکوانڈو کو 11، 11 لاکھ روپے کی فنڈنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ جوڈو، سیلنگ، وشو فیڈریشنز اور پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کو 10، 10 لاکھ روپے گرانٹ میں دیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close