پاکستان بنگلادیش ٹی 20 سیریز اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ سیریز 20 جولائی سے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، ڈھاکا میں شروع ہوگی، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 22 اور 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

بنگلادیش نے وہی اسکواڈ برقرار رکھا ہے جس نے حال ہی میں سری لنکا کو اُس کی سرزمین پر 2-1 سے شکست دی تھی۔ سیریز کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین، نجم العابدین فہیم نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں مستقل مزاجی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، اور صرف ضرورت پڑنے پر ہی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم غیر ضروری تجربات سے گریز کریں گے تاکہ کھلاڑیوں کو اعتماد دیا جا سکے۔

دوسری جانب، پاکستانی ٹیم سلمان علی آغا کی قیادت میں 16 جولائی کو ڈھاکا پہنچ چکی ہے۔ اسکواڈ میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں احمد دانیال اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا ہے، جو اس سیریز میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کر سکتے ہیں۔ شاداب خان اور حارث رؤف انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں، جبکہ حسن علی انگلینڈ میں جاری وائٹلٹی بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، اس لیے وہ بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔

بنگلادیش اسکواڈ:
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین، محمد نعیم، توحید حیدر، ذاکر علی، شمیم حسن پٹواری، مہدی حسن میراز، رشاد حسین، مہدی حسن، نسیم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، محمد حسن، مشتاق حسین، سیف الدین۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close