چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف انجری کا شکار ہونے والے اسٹار اوپنر فخر زمان چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کے متبادل کھلاڑی کے لیے غور شروع کرلیا ہے۔
پاکستان کے اسٹار اوپنر فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے پہلے ہی اوور میں فیلڈنگ کرتے ہوئے پسلیوں میں کھنچاؤ کے سبب انجری کا شکار ہوکر فیلڈ سے باہر چلے گئے تھے تاہم کچھ دیر بعد وہ واپس کھیل میں تو آگئے تھے تاہم پی سی بی کا یہی کہنا تھا کہ ان کے مستقبل کے حوالے سے اگلے روز آگاہ کیا جائے گا۔تاہم پی سی بی کے مطابق فخر زمان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے اور اب یہ فیصلہ ہوچکا ہے کہ فخر زمان چیمپیئنز ٹرافی سے باقاعدہ باہر ہوچکے ہیں اور وہ بھارت کے خلاف میچ کے لیے ٹیم کے ہمراہ روانہ نہیں ہورہے بلکہ انہیں لاہور ہائی پرفارمنس سینٹر رپورٹ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
اس تصدیق کے بعد پی سی بی نے متبادل کھلاڑی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی سے رابطہ کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی انجری کے شکار کھلاڑی کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ وہ فٹ ہے یا ان فٹ اور اس کے بعد ہی متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ پی سی بی نے فخر زمان کی تمام رپورٹس آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو بھیج دی ہے اور کمیٹی جائزہ لینے کے بعد جواب دے گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے متبادل کھلاڑیوں پر غور ہورہا ہے مگر امام الحق کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔پاکستان کے لیے یہ دوسرا بڑا جھٹکا ہے کہ اس سے قبل جنوری میں صائم ایوب جنوبی افریقہ میں فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہوگئے تھے۔ ابتدا میں یہ خیال تھا کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی سے قبل فٹ ہوجائیں گے مگر بعد میں انہیں طویل آرام کا مشورہ دیا گیا۔
فخر زمان نیوزی لینڈ کے اوپنر وِل ینگ کے شاٹ کا پیچھا کرتے ہوئے گرگئے تھے جس کے بعد ان کے جسم کے بائیں حصے میں تکلیف ہوئی۔ زخمی ہونے کے بعد فخر زمان کو گراونڈ سے باہر لے جایا گیا جبکہ ان کی جگہ کامران غلام نے لی۔پی سی بی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز فخر زمان کے پھٹوں میں موچ آنے پر ان کا معائنہ کررہے ہیں اور ان کے بارے میں مزید تفصیلات جلد بتائی جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں