محمد رضوان نے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے میچ میں شکست کا ملبہ کس پر ڈال دیا؟

سڈنی (پی این آئی) قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست کا ملبہ فیلڈرز پر ڈال دیا۔

دوسرے ٹی ٹونٹی میں شکست کے بعد بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ اگر آپ مثبت چیزوں کو لیں تو لڑکوں نے بہت اچھی باؤلنگ کی۔ ہم جانتے ہیں کہ اگر آپ آسٹریلیا کو موقع دیں گے تو وہ آسان ٹیم نہیں ہے، ہماری فیلڈنگ نے آسان کیچز چھوڑے، تمام لڑکوں نے اچھی گیند بازی کی۔میں خود کو اس بات کے لیے تیار کرتا ہوں کہ میچ کی کنڈیشنز کیا چاہتی ہیں۔

واضح رہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ قومی ٹیم آسٹریلیا کے دیے ہوئے 148 رنز کے ہدف کے جواب میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔عثمان خان 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ سکورر رہے۔ سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ابتدائی تین اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 52 رنز تک پہنچا دیا تاہم متھیو شارٹ 32 اور جیک فریزر میک گرک 29 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ کپتان جوش انگس صفر پر ساتھ چھوڑ گئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل 21، مارکس اسٹوئنس 14، ٹم ڈیوڈ 18، آرون ہارڈی 28، زیویئر بارٹلیٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی نے 3 جبکہ سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف پہلی وکٹ 12 رنز پر گر گئی، جب بابراعظم صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 5 رنز بنا سکے اور اس طرح 17 رنز پر پاکستان کے دوسرے کھلاڑی بھی میدان سے باہر چلے گئے۔
کپتان محمد رضوان 16 بنا کر آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 44 رنز تھا، نائب کپتان سلمان علی آغا بھی کپتان 0 پر پویلین لوٹ گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close