ارشد ندیم کو حکومت کیجانب سے انعامی رقم ملی یا نہیں؟کھلاڑی نے بتا دیا

پیرس اولمپکس میں پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم نے اپنی انعامی رقم کے حوالے سے تفصیلات بتائی ہیں۔

ارشد ندیم کے اس اعزاز کے بعد ان کے لئے نہ صرف حکومتِ پاکستان بلکہ صوبائی حکومتوں سمیت کئی نجی اداروں نے انعامات کے اعلان کئے، ایتھلیٹ کے لئے اعلان کی گئی انعامی رقم مجموعی طور پر کروڑوں میں تھی۔

اب حال ہی میں ارشد نے اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی۔

دوران گفتگو پروگرام کے حاضرین نے ارشد سمیت ان کے کوچ سے دلچسپ سوالات کئے، جس میں سے ایک شخص نے قومی ایتھلیٹ سے پوچھا کہ حکومت یا پرائیویٹ اداروں کی طرف سے جن انعامات کا اعلان ہوا تھا، کیا آپ کو وہ سب واقعی ملے؟

میزبان نے سوال سنتے ہی کہا کہ ہاں یہ ایک اہم سوال ہے، پوری قوم گنتی کر رہی تھی کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم کتنی ہوگئی، میرے مطابق یہ رقم 80 یا 90 کروڑ کے قریب تھی۔

جواب میں قومی ایتھلیٹ نے ہنستے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کی بات کروں تو الحمداللہ ان کی طرف سے اعلان کی گئی تمام رقم مل گئی ہے اور میرے خیال میں جو پرائیویٹ ادارے ہیں وہ رہ گئے ہیں، انہوں نے رقم اب تک نہیں دی، کچھ نجی اداروں نے دے دیا ہے جبکہ کچھ رہ گئے ہیں۔

ایتھلیٹ کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ ہم شکر گزار ہیں کہ سرکار نے انعامی رقم وقت پر ادا کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close