پاکستانی طالبہ نے تمغہ جیت کر ملک کانام روشن کردیا

لاہور: انڈونیشیا میں کھیلی جانے والی چھٹی ایشین تیکووانڈو چیمپئن شپ میں لاہور گریژن یونیورسٹی کی طالبہ نے ملک کا نام روشن کردیا۔

انڈونیشیا میں چھٹی ایشین تیکووانڈو چیمپئن شپ میں 73 کلو گرام کیٹیگری کے مقابلے میں لاہور گریژن یونیورسٹی کی طالبہ ملیحہ علی نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیتا۔ ملیحہ علی کا تعلق ہنزہ گلگت بلتستان سے ہے۔

چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے پاکستان کے 16 رکنی دستے کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل ذیشان اسلم کر رہے تھے۔ ملیحہ نے 73 کلوگرام کیٹیگری میں 275 کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کیا، جن کا تعلق بھارت، ازبکستان، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک سے تھا۔ملیحہ کی یہ جیت نہ صرف ان کی یونیورسٹی بلکہ ملک کے لیے بھی فخر کا باعث ہے اور نوجوان ایتھلیٹس کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

لاہور گریژن یونیورسٹی خصوصی پروگرام کے تحت ملک کے دوردراز علاقوں کے ہونہار اور باصلاحیت طالب علموں کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ملیحہ علی کی بہن نبیہہ علی بھی تیکو چیمپئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں اور وہ دوسری کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close