اسلام آباد(پی این آئی) بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے فینز کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ وہ ٹنڈولکر کو ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں ایکشن میں دیکھیں گے۔
جی ہاں! کرکٹ میں کئی ریکارڈز توڑنے والے سچن ٹنڈولکر ایک بار پھر میدان میں بیٹنگ کرتے نظر آئیں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 11 سال قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سچن ٹنڈولکر رواں سال نومبر میں شروع ہونے والی انٹرنیشنل ماسٹر لیگ( آئی ایم ایل) میں حصہ لیں گے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر ہوگا جس میں بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی، ان ممالک کے لیجنڈ کرکٹرز پر مشتمل ٹیمز ہوں گی۔
اگرچہ ٹورنامنٹ کے حتمی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا لیکن ٹورنامنٹ کے میچز ممکنہ طور پر ممبئی، لکھنؤ اور رائے پور میں کھیلیں جائیں گے۔یہ ٹی ٹوئنٹی ایونٹ شائقین کو اپنے پرانے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایک بار پھر ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سچن ٹنڈولکر نے اس لیگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ نہ صرف بھارت میں بلکہ پوری دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے شائقین کے جوش و خروش میں اضافہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں