لاہور (پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شبیر احمد نے گراس روٹ لیول پر نا انصافیوں سے مایوس ہوکر ڈسٹرک ڈیرہ غازی خان کے کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا۔
شبیر احمد نے سوشل میڈیا پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کی خدمت کا عہد کیا تھا لیکن وہاں پر مسائل ہی مسائل ہیں ، گروپ بندی ہے ، وزراء تک تعلقات ہیں، میرٹ پر اگر ہم کام کرنا چاہیں تو بہت مشکل پیش آتی ہے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ یہاں پر جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا سسٹم چلتا ہے، میرٹ کا خیال نہیں رکھا جاتا، ایک لڑکا سارا محنت کرتا ہے ، دوسرا سفارش کرا کے اس کی جگہ مار دیتا ہے ، انہی معاملات کی وجہ سے ہماری کرکٹ یہاں پہنچی اور ہم بنگلا دیش سے بھی ہار گئے ۔شبیر احمد کا کہنا تھا کہ مایوسی اور تکلیف ہے لیکن گراس روٹ کرکٹ سے الگ ہو رہا ہوں، پی سی بی نے مجھے قومی سطح پر موجودہ اسٹرکچر میں کوئی پیشکش نہیں کی۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر شبیر احمد کی جانب سے کرکٹ میں سفارشی کلچراور الزامات کے معاملے پر ذرائع پی سی بی کا کہناہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شبیر احمد کے خلاف انکوائری کا اعلان کیا تھا۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے کوچ شبیر احمد اور ایک کھلاڑی حذیفہ شفیق پر ڈسپلن کی انکوائری بٹھائی گئی تھی۔پی سی بی ذرائع کے مطابق کوچ شبیر احمد نے ڈی جی خان کے سینیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حذیفہ شفیق پر ڈسپلن کے الزامات لگائے، تاہم پی سی بی کی انکوائری میں کھلاڑی کو الزامات سے بری کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں