اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی نے اپنے ملک کی شہریت چھوڑ دی

پیرس اولمپکس میں آسٹریلیا کی جانب سے سائیکلنگ میں تین میڈلز اور دو مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈلز جیتنے والے میٹ رچرڈسن نے اپنے ملک کی شہریت چھوڑ دی۔

اب وہ برطانیہ کی نمائندگی کریں گے۔میتھیو رچرڈسن 17 اپریل 1999 کو انگلینڈ میں پیدا ہوئے تھے، وہ 9 برس کی عمر میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ آسٹریلیا منتقل ہوئے اور پچھلے 17 برس سے آسٹریلیا اور انگلینڈ دونوں ملکوں کی شہریت رکھتے تھے۔میتھیو رچرڈسن نے 2019 کی ورلڈ چیمپئن شپ میں پہلی بار آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور ٹیم اسپرنٹ ایونٹ میں چھٹے نمبر پر رہے۔انہوں نے 2022 کی ورلڈ چیمپئن شپ کے ٹیم اسپرنٹ میں گولڈ میڈل جیتا اور اسی سال برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں ٹیم اسپرنٹ اور انفرادی مقابلوں میں بھی گولڈ میڈل اپنے نام کیے۔

گلاسگو میں 2023 میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں دو سلور میڈل جیتے اور حال ہی میں پیرس اولمپکس میں آسٹریلیا کےلیے دو سلور اور ایک برانز میڈل جیتا۔25 سالہ سائیکلسٹ نے سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی شہریت چھوڑنا ان کی زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا، وہ اب برطانیہ کی سائیکلنگ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔برطانوی سائیکلنگ فیڈریشن نے اُن کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ آسٹریلین سائیکلنگ فیڈریشن نے ان کے فیصلے پر حیرت اور مایوسی ظاہر کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close