ورلڈکپ کے دوران علیم ڈار کو کیا دلخراش خبر ملی؟

سابق انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار نے کیرئیر کے آغاز میں ہی اپنی نومولود بیٹی کھونے کا دلخراش واقعہ بیان کیا ہے۔

علیم ڈار نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے تلخ واقعے کو بیان کیا۔سابق امپائر نے بتایا کہ میں 2003 میں ورلڈکپ کے میچز کے لیے امپائرنگ کررہا تھا، یہ ایک بین الاقوامی دورہ تھا اور میرے کیرئیر کا آغاز تھا، میں پینل میں سب سے کم عمر امپائر تھا، میرے 12 بین الاقوامی میچز تھے اور2003 کا ورلڈکپ میری زندگی کا اہم موڑ تھا۔

علیم ڈار نے بتایا کہ ورلڈکپ کو تین دن ہوئے تھے کہ میری چھوٹی بیٹی 7 مہینے کی تھی اور اس کا انتقال ہوگیا تھا، میرے گھر والوں سمیت میری اہلیہ نے مجھے پورے ایک مہینے تک اس بات کی خبر نہیں دی کیونکہ وہ جانتے تھے کہ یہ میرے کیرئیر کا آغاز ہے اور اس خبر سے کیرئیر پر کوئی فرق نہ پڑے۔سابق امپائر کا کہنا تھا کہ والد کی سخت ہدایات کے باوجود سیالکوٹ کے ایک بندے نے اخبار میں میری بیٹی کے انتقال کی خبر شائع کی اور جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں ایک شخص مجھ سے ملا اور کہا کہ آپ کی بیٹی کے انتقال کا افسوس ہوا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت میں ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک پہنچ چکا تھا وہ بہت اچھا ورلڈکپ تھا لیکن جب میں نے یہ خبر سنی تو اپنی بیوی کو فون کیا، وہ رونے لگی اور پتا چلا کہ ایک ماہ پہلے انتقال ہوگیا تھا، اس کے بعد میں فوری پاکستان واپس آگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close