پاکستان بنگلا دیش ٹیسٹ سیریز بغیر تماشائیوں کے ہو گی، وجہ کیا ہے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا ایک میچ تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کراچی ٹیسٹ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا، یہ فیصلہ اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام کی وجہ سے کیا گیا ہے۔بورڈ کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے بارے میں مشکل فیصلہ کیا ہے کہ کہ 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہونے والا یہ ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم تماشائیوں کے پرجوش کردار کو سمجھتے ہیں تاہم ہمارے مداحوں کی صحت اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، تمام دستیاب آپشنز پر بغور غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ کو خالی اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے، اس فیصلے کے نتیجے میں ٹکٹوں کی فروخت فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے، وہ شائقین جنہوں نے پہلے ہی ٹکٹ خریدے ہیں انہیں خریداری کے وقت فراہم کردہ اکاؤنٹ کی تفصیلات میں جمع کی گئی رقم خود بخود مکمل واپس مل جائے گی۔کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ ہمیں اس فیصلے کی وجہ سے ہونے والی تکلیف پر افسوس ہے، لیکن ہم اپنے قابل قدر شائقین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اسٹیڈیم میں جاری اپ گریڈ اور تزئین و آرائش کو مزید تماشائیوں کے لیے سازگار بنانا اور اسے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے تیار کرنا ہمارے عزم کا حصہ ہے جو 1996 کے بعد پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close