لاہور (پی این آئی) سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ارشد ندیم نے انکشاف کیا کہ حکومت سمیت کسی دوسرے ادارے
اور شخصیت نے کبھی مدد نہیں کی، عالمی سطح پر ہر ایتھلیٹ کے پاس 5 یا 6 جیولین ہوتے ہیں جبکہ میرے پاس کئی سال سے صرف 1 ہی جیولین ہے، مجھے جو مشکلات پیش آئیں وہ خدا جانتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی کامیابی کا کریڈٹ لینے کیلئے مختلف شخصیات اور اداروں کے درمیان دوڑ شروع ہو گئی ہے۔اس صورتحال میں
ڈان اخبار کی جانب سے ارشد ندیم کی ایک پرانی ویڈیو شائع کی گئی ہے، جس میں اولپمئن کی جانب سے اپنی مشکلات کا ذکر کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ارشد ندیم بتاتے ہیں کہ حکومت سمیت کسی دوسرے ادارے اور شخصیت نے کبھی ان کی مدد نہیں کی، وہ اپنی مدد آپ کے تحت جس مقام پر پہنچے ہیں، اس میں انہوں نے کئی مشکلات دیکھیں اور ان مشکلات کو وہ اور ان کے خدا جانتے ہیں۔
ارشد ندیم نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس کئی سال سے صرف ایک ہی جیولین ہے جو ناصرف ان کے بلکہ ان کے پاس آنے والے لڑکوں کے استعمال میں بھی آتی ہے۔ جبکہ ان کے مقابلے میں عالمی سطح پر ہر ایتھلیٹ کے پاس 5 یا 6 جیولین ہوتے ہیں۔ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ان کے پاس عالمی سطح کا ایک ہی جیولین ہے، ایک جیولین 7 سے 8 لاکھ روپے مالیت کا ہوتا ہے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ کسی سے پیسے نہیں مانگتے بلکہ حکومت، اداروں اور مقامی انتظامیہ کو صرف سہولیات فراہم کرنے کا کہتے ہیں۔ پیسے دینے کے بجائے سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ نئے ایتھلیٹس کو اچھی طرح تیار کر سکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں