دو غیر ملکی کوہ پیما کے ٹو چوٹی سر کرنے کی کوشش میں لاپتا

گلگت (پی این آئی)جاپانی کوہ پیما دنیا کی دوسری بلندی ترین چوٹی K2 سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہوگئے، پاکستان آرمی کی جانب سے کوہ پیماؤں کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں ۔

جاپان سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیما دنیا کی دوسری بلندترین چوٹیK2 سر کرنے کی کوشش میں لاپتہ ہوگئے ہیں، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی کا کہنا ہے کہ جاپانی کوہ پیما کازویا ہیراڈے اور کینرو ناکاجیما کے K2 سر کرنے کے دوران 7,500 میٹر کی بلندی سے گرنے کی اطلاعات ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹروں نے چوٹی پر کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھی ہوئی ہیں مگر تاحال لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کاکوئی سراغ نہیں مل سکا۔

واضح رہے کہ 8000 میٹر سے زیادہ بلند K2، ماونٹ ایورسٹ کے بعد دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے۔اس سال گلگت بلتستان میں 2,000 سے زائد مقامی اور غیر ملکی کوہ پیما پہاڑوں کو سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن میں 8 ہزار میٹر سے زیادہ بلند پہاڑ K2، براڈ پیک، گاشر برومI-، گاشر برومII- اور نانگا پربت شامل ہیں۔یاد رہے کہ15 پاکستانی کوہ پیماؤں سمیت 28 کوہ پیماوں نے ہفتے کے روز سطح سمندر سے 8,051 میٹر بلند دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک کو کامیابی سے سر کیا ہے۔ان 15 مقامی کوہ پیماؤں میں سے 12 کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close