ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔امریکا اور کیریبین میں یکم جون سے 29 جون تک ہونے والے اس عالمی ایونٹ میں بابر اعظم پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

بابر اعظم (کپتان) ، ابرار احمد، اعظم خان ، فخرزمان ، حارث رؤف ، افتخار احمد ، عماد وسیم ،محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان ،نسیم شاہ ، صائم ایوب، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔پاکستان ٹیم میں کوئی ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی شامل نہیں ہے۔

15 کھلاڑیوں میں ابرار احمد، اعظم خان، محمد عباس آفریدی، صائم ایوب اور عثمان خان کوپہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم آخری بار 2016 اور 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلے تھے۔دیگر 8 کھلاڑیوں نے 2022 میں آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لیا تھا۔

سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک انتہائی باصلاحیت اور متوازن ٹیم ہے جس میں نوجوانوں اور تجربے کا امتزاج موجود ہے۔ یہ کھلاڑی کچھ عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور عالمی ایونٹ کے لیے اچھی طرح تیار نظر آتے ہیں۔سلیکشن کمیٹی کے مطابق حارث رؤف مکمل طور پر فٹ ہیں اور نیٹ پر اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ آنے والے میچوں میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دیگر بولرز کے ساتھ ان کا اہم کردار ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں