غزہ جارحیت پر احتجاج: مائیکل ہولڈنگ اور پیٹ کمنز عثمان خواجہ کے حق میں بول پڑے

میلبرن(پی این آئی)آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور سابق ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے غزہ کے معاملے پر عثمان خواجہ کی حمایت کر دی۔
پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کی غزہ کے معاملے پر انسانی بحران پر توجہ دلانےکی کوشش جارحانہ نہیں، میں نے پچھلے ہفتے بھی یہی کہا تھا کہ ساری زندگیاں برابر ہیں اور نہیں لگتا کہ یہ غلط ہے اور میں فاختہ کے نشان کے بارے میں بھی یہی کہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اس کی اجازت نہیں دے رہی ، ان کے قوانین ہیں جو ماننے ہیں ۔
ویسٹ انڈیز کے مشہورلیجنڈ بولر اور کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ بھی عثمان خواجہ کی حمایت میں بول پڑے۔ ’دی ویک اینڈ آسٹریلین’ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں عثمان خواجہ کے معاملہ پر نظر رکھے ہوئے تھا اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں آئی سی سی کے موقف سے حیران ہوں، اگر زیادہ تر دیگر ادارے ایسے معاملات پر اپنے رویے اور سلوک میں کسی حد تک مستقل مزاجی اور یکسانیت کا مظاہرہ کرتے تو ضرور حیران ہوتا۔ ایک بار پھر آئی سی سی نے دہرے معیار اور ایک ادارے کے طور پر اخلاقی اقدار کی کمی کا مظاہرہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کو فلسطین کے حق میں بلے پر تحریر اور جوتے پر امن کی علامت فاختہ کا نشان بنانے سے روک دیا۔
اس سے پہلے عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران ایسے جوتے پہنے تھے جس پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف نعرے درج تھے اور وہ یہ جوتے پاکستان کے خلاف میچ میں بھی پہننا چاہتے تھے۔

تاہم میچ میں عثمان خواجہ کو جوتے پہننے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف میچ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے قتلِ عام کے خلاف میدان میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر اترے تھے۔
بعد ازاں آئی سی سی نے کہا تھا کہ عثمان خواجہ نے پرتھ ٹیسٹ میں بازوں پر سیا پٹی باندھ کر آئی سی سی کے کلوتھنگ اینڈ ایکیوپمنٹ کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ، جس پر انہیں چارج کر دیا گیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جارہا ہے، آسٹریلیا کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں