پاک بھارت میچ سے قبل کیا چیز تبدیل کر دی گئی ؟ برطانوی میڈیا نے پول کھول دیا

اسلام آباد(پی این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارتی کرکٹ بورڈ پر اپنی مرضی کے مطابق پچ تبدیل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے ڈیلی میل کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر سیمی فائنل کی پچ بدل ڈالی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ پر سیمی فائنل میں اپنے اسپنرز کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کا الزام لگایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل اسٹیڈیم کی پچ نمبر 7 پر ہونا تھا جس پر ابھی تک ورلڈکپ کا کوئی میچ نہیں کھیلا گیا۔ بھارتی بورڈ نے پچ نمبر6 پر میچ کرانے کا فیصلہ کیا جس پر پہلے ہی 2 میچ کھیلے جاچکے ہیں۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق پچ نمبر 6 پر بھارت کا سری لنکا اور انگلینڈ کا جنوبی افریقا سے میچ ہوا تھا۔ پچ نمبر 6 پر بھارت نے سری لنکن ٹیم کو 55 رنز پر آؤٹ کر کے یک طرفہ میچ اپنے نام کیا تھا۔

برطانوی ادارے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھارتی بورڈ کی جانب سے نریندرا مودی اسٹیڈیم احمد آباد کی پچ بھی مرضی سے تبدیل کی جاسکتی ہے۔ صرف یہی نہیں ڈیلی میل کی جانب سے 14 اکتوبر کو ہونے والے احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے متعلق بھی انکشاف کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شیڈول کے مطابق یہ میچ پچ نمبر 7 پر کھیلا جانا تھا لیکن پچ نمبر 5 پر کھیلا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close