پاکستان نے کونسا موقع گنوایا؟ محمد عامر نے بتا دیا

اسلام آباد (پی این آئی)فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ اسپنر ابرار احمد، جو پاکستانی اسکواڈ کے ساتھ سفر کرنے والے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں، انہیں ورلڈکپ کے لیے اب ٹیم میں شامل کرنے کا ایک موقع مینجمنٹ نے گنوا دیا۔ ابرار احمد سمیت پاکستان کے فاسٹ بولر زمان خان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث ورلڈکپ اسکواڈ کے ریزرو کھلاڑی ہیں جو ٹیم میں اسی وقت آسکتے ہیں جب ٹیم میں موجود کوئی کھلاڑی انجرڈ ہوکر ورلڈکپ سے باہر ہوجائے۔

اس حوالے سے جیو نیوز کے پروگرام ‘ہارنا منع ہے’ میں گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ‘ابرار احمد کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا موقع تھا لیکن سننے میں آیا کہ شاداب نے کہا کہ وہ فٹ ہیں اور اگلے میچ کے لیے دستیاب ہیں’۔ عامر نے بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ‘بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ان فٹ تھے اور وہ خود ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، یہ کہتے ہوئے کہ ہندوستان ان کے بجائے کسی فٹ کھلاڑی کو شامل کر سکتا ہے، تو یہ ابرار کو شامل کرنے کا موقع تھا لیکن ٹیم مینجمنٹ ہی بتا سکتی ہے کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں’۔

آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ ‘ہم ایک عرصے سے کہہ رہے تھے کہ فخر زمان ایک متاثر کن کھلاڑی ہیں، اسی طرح ابرار جب کھیلے گا تو وہ بھی اثر ڈالے گا’۔ دوسری جانب سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا ‘ہماری مینجمنٹ کا یہ مسئلہ ہے کہ ہم نے بینچ پر اچھے کھلاڑی نہیں رکھے، ہم نے پچھلے تین سال کوئی منصوبہ بندی نہیں کی’۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close