وسیم اکرم نے جنوبی افریقا سے میچ میں بابر کی بڑی غلطی کی نشاندہی کر دی

اسلام آباد (پی این آئی)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی بڑی غلطی کی نشاندہی کر دی۔ گزشتہ روز چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی جو ورلڈکپ میں پاکستان کی مسلسل چوتھی شکست تھی۔میچ کے بعد نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا مجموعی طور پر بابر اعظم نے میچ میں اچھی کپتانی کی۔

انہوں نے فاسٹ بولرز کا اچھا استعمال کیا جس سے ٹیم کو وکٹیں بھی ملیں لیکن بابر اعظم کو 48 واں اوور نواز کو نہیں دینا چاہیے تھا، مجھے سمجھ نہیں آئی کی بابر نے اس وقت نواز سے اوور کیوں کروایا۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا بابر اعظم کو اس وقت نواز کی جگہ اسامہ میر سے اوور کروانا چاہیے تھا کیونکہ اسامہ میر گگلی یا میجک ڈلیوری سے ٹیل اینڈرز کو پریشان کر سکتا تھا، یہ بات ٹھیک ہے کہ اسامہ کے پہلے 3، 4 اوورز ٹھیک نہیں گئے لیکن اس نے آگے اچھی بولنگ کی تھی

اور دو وکٹیں بھی لے رکھی تھیں جبکہ نواز کے پاس اعتماد بھی نہیں تھا اور وہ گیند بھی کندھے کے اوپر سے چھوڑتا ہے جس کا مطلب ہے کہ اس کی گیند لیگ سائیڈ پر جائے گی۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان نے وسیم جونیئر کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وسیم جونیئر جو ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہا تھا اس نے بہت اچھی بولنگ کی اور پروٹیز بیٹرز کو پریشان کیے رکھا، ہم سب جانتے ہیں کہ وسیم جونیئر کے پاس ٹیلنٹ ہے لیکن اسے مستقل مواقع نہیں ملے جبکہ حارث رؤف نے بھی آخر میں اچھی بولنگ کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close