سینٹرل کنٹریکٹ کی منظوری، کپتان بابر اعظم کو ماہانہ کتنے لاکھ روپے ملیں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور قومی کھلاڑیوں کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ طے ہونے کے بعد اب اے کیٹیگری کرکٹرز 45 لاکھ جبکہ بی کیٹیگری کرکٹرز 30 لاکھ روپے ماہانہ حاصل کریں گے۔ روزنامہ ایکسپریس کے مطابق قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ فریقین کے درمیان باہمی اتفاق رائے سے طے ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹرز کو کنٹریکٹ کی کئی شقوں پر اعتراضات تھے مگر تحفظات کو دور کرتے ہوئے معاہدہ طے پاگیا ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کھلاڑیوں سے مذاکرات کا ٹاسک چیف سلیکٹر انضمام الحق کو سونپا تھا۔ اوہ گزشتہ دنوں کپتان بابر کے ہمراہ ذکا اشرف کے گھر پہنچے جہاں کپتان نے کھلاڑیوں کے مطالبات سامنے رکھے تھے۔ گزشتہ روز بورڈ نے اہم میٹنگ میں یہ حتمی فیصلہ کیا کہ کھلاڑیوں کے مطالبات کے مطابق اب انہیں آسٹریلیا اور بھارت کی طرح آمدنی میں سے حصہ دیا جائے گا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اب بورڈ کی کئی ارب روپے کی آمدنی میں سے 3 فیصد حصہ کرکٹرز کو دیا جائے گا جو کروڑوں روپے ہوگی۔

نئے معاہدے کے مطابق اے کیٹیگری کرکٹرز بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کو ماہانہ 45 لاکھ جبکہ بی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو 30،30 لاکھ روپے ملیں گے۔ دیگر کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کیلئے 15 سے ساڑھے 7 لاکھ روپے ماہانہ رکھے گئے ہیں۔بورڈ کی جانب سے ماہانہ تنخواہ میں 35 سے 50 فیصد تک ٹیکس کٹوتی کے حوالے سے بھی غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی طرف سے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہ کیے جانے کے باعث چار ماہ سے کوئی ادائیگی نہیں کی گئی تھی۔ جس کے بعد کھلاڑیوں نے میچ شرٹس پر کمرشل لوگو لگانے سے انکار کردیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close