پاک افغان دوسرا ون ڈے، افغانی بولر کی بابر اعظم اور امام الحق سے بدتمیزی

اسلام آباد (پی این آئی) افغانستان کو پاکستان کے ہاتھوں دوسری شکست ہضم نہ ہوسکی، میچ کے بعد افغانی بولرفرید احمد نے بابر اعظم اور امام الحق سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا۔ گزشتہ سال آصف علی سے لڑائی کرنے والے افغانی بولرفرید احمد نے تیسرے ون ڈے میں بدتمیزی کی تمام حدیں پار کردیں۔ ذرائع کے مطابق دوسرے ون ڈے میں افغانستان کو شکست کے بعد افغانی کھلاڑی فرید احمد نے بابر اعظم اور امام الحق سے بدتمیزی کی۔

فرید احمد نے میچ کے بعد بابر اعظم اور امام الحق سے ہاتھ نہیں ملایا اور نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا۔ بابر اعظم اور امام الحق نے فرید احمد کی بدتمیزی پر کوئی جواب نہیں دیا۔ افغانی آل راونڈر راشد خان اور محمد نبی نے بابر اعظم اور امام الحق سے فرید احمد کے رویے پر معافی مانگی۔ راشد خان نے فرید احمد پر غصہ کیا اور دور جانے کو کہا۔فرید احمد کی کپتان بابر اعظم اور امام الحق سے بدتمیزی اور نازیبا الفاظ پر قومی ٹیم مینجمنٹ نے سخت احتجاج کیا۔

ٹیم مینجمنٹ نے فرید احمد کے غلط رویے پر میچ ریفری کو شکایت لگائی۔ افغانستان کے کوچز نے بھی بابر اعظم اور امام الحق سے معذرت کی۔ دوسری جانب فضل حق فاروقی کا شاداب خان کو متنازع آوٹ کرنے پر شاہین شاہ آفریدی شدید ناراض ہوگئے۔شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے بعد قومی ٹیم کو افغانستان ٹیم سے ہینڈ شیک کرنے سے بھی روکا۔ ٹیم مینجمنٹ نے شاہین شاہ آفریدی اور تمام کھلاڑیوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں