معروف کرکٹر نے پاکستان کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

اسلام آباد (پی این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز فواد عالم نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپنی راہیں جدا کرلیں، قومی کرکٹر اب امریکی لیگ کے ساتھ اپنے کیریئر کو آگے بڑھائیں گے۔ کرکٹ سے متعلق خبریں شائع کرنے والے ویب سائٹ ‘کرک بز’ کے مطابق فواد عالم نے پاکستان کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ وہ اب ‘شکاگو کنگز مین’ نامی امریکی لیگ میں ایک مقامی کرکٹر کی حیثیت سے کھیلیں گے۔

فواد عالم سے پہلے سمی اسلم، حماد اعظم، سیف بدر، احسان عادل، سعد علی، مختار احمد اور نعمان انور نامی پاکستانی کرکٹرز اس فہرست میں شامل ہیں جو لیگ کرکٹ کھیلنے کیلئے امریکا منتقل ہوگئے۔ خیال رہے کہ فواد عالم نے 2007 میں پاکستان کرکٹ کیلئے وائٹ بال ڈیبیو کیا تھا لیکن انکی پاکستان کے ڈریسنگ روم میں موجودگی بہت کم ہی رہی۔ 2009 میں ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری بنانے کے بعد انہیں دو ٹیسٹ میچز کے بعد ہی ڈراپ کر دیا گیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں 55 کی اوسط سے رنز بنانے کے باوجود انہوں نے 11 سال کے وقفے کے بعد اپنا اگلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ فواد عالم 2020 میں اپنے کیریئر کو نئی زندگی ملنے کے بعد مختصر مدت کیلئے قومی ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے واپسی کے بعد اپنے تیسرے ہی میچ میں نیوزی لینڈ میں سنچری بنا کر اپنے انتخاب کی تصدیق کی۔فواد عالم نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے بعد نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف چار سنچریز بنائیں۔ فواد عالم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 109، نیوزی لینڈ کے خلاف 102، زمبابوے کے خلاف 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close