دبئی (پی این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ وارم اپ میچز کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کی درخواست منظور کرلی۔گزشتہ روز بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 کیلئے باضابطہ شیڈول کا اعلان کردیا گیا ، شیڈول کے مطابق سال کے آخر میں منعقدکیے جانے والا کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ 46 دنوں پر مشتمل ہوگا جس کیلئے بھارت کے 10 مقامات کو منتخب کیا گیا ہے۔
ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبرکو کھیلا جائیگا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا، پاکستان پہلا میچ 6 اکتوبرکو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا، 15اکتوبر کو پاکستان بھارت کا مقابلہ احمد آباد میں ہوگا۔بڑے ٹورنامنٹ سے قبل وارم اپ میچز 29 ستمبر سے شروع ہوکر 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے، وارم میچز بھارت کے شہر حیدرآباد ، تھیرووننتھاپورم اور گوہاٹی میں کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی نے کچھ روز قبل ورلڈکپ وارم اپ میچز میں افغانستان کے خلاف رکھا گیا مجوزہ وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی ، ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان نے کہا کہ وارم اپ کیلئے افغانستان کے بجائے کسی غیر ایشیائی حریف سے میچ رکھ دیا جائے تاکہ پاکستان کیلئے مفید ثابت ہوسکے۔پی سی بی نے اس سلسلے میں یہ جواز پیش کیا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان سے مقابلہ کرچکی ہوگی
اس لیے دوبارہ وارم اپ میچ میں بھی کھیلنا زیادہ مفید نہیں ہوگا لہذا غیر ایشیائی ٹیم سے میچ کرادیا جائے۔ پی سی بی کی درخواست کو آئی سی سی کی جانب سے منظور کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب پاکستان ٹیم 29 ستمبر اور 3 اکتوبر کو اپنے وارم اپ میچز نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم اپنے دونوں وارم اپ میچز بھارت کے شہر حیدر آباد میں کھیلے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں