شعیب ملک نے پہلی بارثانیہ مرزا کیساتھ علیحدگی کی خبروں پر خاموشی توڑدی

لاہور(پی این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اہلیہ سابق بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی اختیار کرنے کی وجہ بتا دی۔گزشتہ سال نومبر سے ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گرم ہیں۔انہوں نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان افواہوں پر اب تک خاموش رہنے کی وجہ بتائی ہے۔

شو کے میزبان نے سوال کیا کہ جب آپ کی زندگی معمول کے مطابق چل رہی ہو اور پھر اس قسم کی افواہیں آئیں کہ اہلیہ سے علیحدگی ہوگئی ہے، تو ایک کرکٹر کے لیے کتنا مشکل ہوتا ہے ان سب چیزوں سے باہر نکلنا؟ کیونکہ آپ کی جانب سے کوئی جواب بھی نہیں دیا جاتا، آپ لوگ ایک ساتھ شو بھی کرتے ہیں، ملاقات بھی کرتے ہیں۔جواب میں شعیب ملک نے کہا ‘میں اپنی طرف کا جواب دے سکتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ اگر ہم ہر بات پر ردعمل دینے لگیں تو اپنی زندگی کب جئیں گے؟ آپ کی توجہ ہمیشہ بٹتی رہے گی’۔کرکٹر نے کہا ‘کبھی کبھی یہ ہوتا ہے کہ ہم پر اس چیز کا اثر اتنا نہیں ہوتا جتنا ہمارے قریبی لوگوں پر ہوتا ہے، میں یہ ہی کہوں گا کہ ایسی چیزوں کو نظر انداز کرکے آگے بڑھنا چاہیے’۔میزبان نے کہا ‘ایسا بھی تو ہوسکتا ہے کہ آپ آکر کسی بیان کے ذریعے لوگوں کی غلط فہمی دور کردیں کہ یہ خبر فیک ہے’۔شعیب ملک نے جواب میں کہا ‘میں اس قسم کا آدمی ہی نہیں ہوں، آج آپ جواب دیں گے کل آپ کو تین جواب دینا پڑیں گے اور پرسوں چار، بات وہیں آجائےگی کہ اپنی زندگی کب جیئں گے؟انہوں نے کہا ‘انسان کا لائف اسٹائل اور زندگی ایسی ہونی چاہیے کہ جو چیز آپ کو تنگ کررہی ہے، اس کا جلد از جلد حل سوچا جائے اور حل نکل آئے تو ٹھیک ہے ورنہ اگلے دن پر چلے جاؤ، میری یہ سوچ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close