پاک افغان سیریز،بابراعظم کو آرام کروایا جاسکتا ہے، نیا کپتان کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

لاہور ( پی این آئی) رواں ماہ پاکستان اور افغانستان کے مابین شارجہ میں 3ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، اس سیریز کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق مستقبل کے لئے مضبوط اور متوازن ٹیم کی تشکیل دینے کے لئے پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2023ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو مختصر فارمیٹ کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید آئندہ چند روز میں افغانستان کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔تاہم ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف سیریز میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان سمیت کئی کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شاہین شاہ آفریدی نے بطور کپتان لاہور قلندرز کے لئے

بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان اسکواڈ میں تین وکٹ کیپرز حسیب اللہ (پشاور زلمی )، اعظم خان (اسلام آباد یونائیٹڈ )اور محمد حارث (پشاور زلمی )کو شامل کئے جانے کی توقع ہے۔اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ 2023ء میں شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کر نے والے پشاور زلمی کے صائم ایوب، ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل رائونڈر فہیم اشرف کیساتھ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی قومی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close