پی سی بی میں تبدیلیاں جاری، ایک اور اعلیٰ عہدیدار عہدے سے الگ ہو گئے

کراچی ( پی این آئی)کستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کا عمل جاری ہے جس میں ایک اور عہدیدار نے اپنے عہدے سے سبکدوشی اختیار کرلی۔نجی ٹی وی جیو کے ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈائریکٹر ایچ آرسرینا آغا بھی عہدے سے الگ ہوگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق سرینا آغا گزشتہ روزبورڈ حکام سے الوداعی ملاقات کرکے گھر چلی گئیں جب کہ بورڈ کے چیف میڈیکل آفیسر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بھی چھٹی پر جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم فلو کا شکار ہو گئے ، کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن بابر اعظم کی جگہ سرفراز احمد نے کپتانی کے فرائض انجام دیئے ۔بتایا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑی وائرل فلو کا شکار ہو گئے ہیں جن میں بابر اعظم بھی شامل ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے گزشتہ روز کے کھیل میں حصہ نہیں لیا ۔ محمد رضوان پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں لیکن فیلڈنگ سیٹ کرتے دکھائی دیئے ، آئی سی سی قانون کے مطابق 12 واں کھلاڑی فیلڈ میں کپتانی نہیں کر سکتا۔

کراچی ٹیسٹ میں میچ ریفری کی مداخلت کے بعد سرفراز احمد نے کپتانی کے فرائض انجام دیئے ، میچ ریفری نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ متبادل کھلاڑی کپتانی نہیں کر سکتا۔میچ ریفری اور امپائرز کی مداخلت کے بعد محمد رضوان کو کپتانی سے روک دیا گیا، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کپتانی سرفراز احمد نے کی ۔ محمد رضوان پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان ہیں لیکن وہ اس ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ۔نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیون کونوے کا ریویو کا فیصلہ سرفراز احمد نے کیا،

وہ 92رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور سلمان آغا کے بعد میڈیا منیجر بھی فلو میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ میڈیا منیجر احسن ناگی ہوٹل سے گرائونڈ نہیں آئے۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے، شان مسعود بھی فلو کی وجہ سے صبح تاخیر سے فیلڈ میں آئے تھے۔واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم 438 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی تھی، کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔بابر اعظم نے 161رنز اور آغا سلمان نے 103رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close