17 سال بعد دورے پر آنیوالی ٹیم کو بغیر ٹرافی ، خالی ہاتھ کیسے بھیج سکتے تھے ، چیئرمین پی سی بی 

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ کی جیت پر کہا ہے کہ ہمارے ملک میں مہمان انگلش ٹیم 17سال کے طویل عرصہ کے بعد آئی تھی تو یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم انہیں خالی ہاتھ واپس جانے دیتے ۔ خیال رہے کہ انگلینڈ نے ساتویں ٹی ٹونٹی میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستانی ٹیم کو 67رنز سے شکست دیکر 7میچوں کی سیریز 3-4سے جیت لی، قومی کرکٹ ٹیم بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بری طرح ناکام رہی،

انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اور ہیری بروکس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا ، ڈیوڈ ملان 47گیندوں پر78رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی ٹونٹی میچ کا ٹاس میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں 3 وکٹوں کے نقصان پر209رنزبنائے۔ بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم مقررہ 20اووروں میں

8 وکٹوں کے نقصان پر142 رنز بناسکی۔انگلینڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز اور فل سالٹ نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا، دونوں کے درمیان 39 رنز کی پارٹنر شپ بنی تاہم محمد حسنین نے ہیلز کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرکے توڑا۔ ایک گیند بعد گزشتہ میچ کے ہیرو فل سالٹ رن آئوٹ ہوگئے اور انگلینڈ کی ٹیم39 پر ہی دونوں اوپنرز سے محروم ہوگئی تھی۔ ایسے میں ڈیوڈ ملان کا ساتھ نوجوان بلے باز بین ڈکِٹ نے دیا، دونوں نے62 رنز کی زبردست پارٹنر شپ قائم۔دسویں اوور کی پانچویں گیند پر

محمد رضوان نے ناقابلِ یقین رن آئوٹ کرکے بین ڈکٹ کو پویلین لوٹا دیا، انہوں نے 30 رنز بنائے تھے۔ چوتھی وکٹ پر ڈاڈ ملان اور ہیری بروک نے ناقابلِ شکست 108 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کا اسکور 209 رنز تک پہنچاڈالا ۔خراب فیلڈنگ کی وجہ سے انگلینڈ کے بلے بازوں کو ایک نہیں بلکہ کیچ چھوٹنے کی وجہ سے تین مزید مواقع ملے جن کا انہوں نے بڑا اسکور بنانے کے لیے بھرپور فائدہ اٹھایا ۔تین میں سے انگلینڈ کے دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے

جبکہ محمد حسنین وکٹ لینے والے واحد بولرز تھے۔ ان کے علاوہ حارث رئوف وکٹ تو نہ لے سکے لیکن 4 اوورز میں صرف 24 رنز دے کر قابلِ ذکر بولر رہے۔210 رنز کے حدف کے حصول کے لئے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اووروں میں 8وکٹوں کے نقصان پر142 رنزبناسکی۔ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی، اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان صرف 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے 4 اور

محمد رضوان صرف ایک رن بناسکے، دونوں کو بالترتیب کرس ووکس اور ریس ٹوپلے نے آئوٹ کیا۔افتخار احمد اور شان مسعود نے 28 رنز کی شراکت بنائی جو افتخار کے آئوٹ پر ختم ہوگئی، انہوں نے 16 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں ڈیوڈ وِلی نے کیچ آئوٹ کروایا۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود 56، خوشدل شاہ 27 اور افتخار احمد 19رنز بناکرنمایاں بیٹسمین رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے3، ڈیوڈ ویلے نے2، عادل رشید، رسی ٹاپلے اور سام کرن نے ایک ایک کھلاڑی کوآئوٹ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں